اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹیکس چوری روکنے کیلئے بڑے اداروں کو سافٹ ویئر سسٹم سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آن لائن انٹیگریشن آف بزنس کے تحت سافٹ ویئر کی تنصیب سے ٹیکس نیٹ میں توسیع کی جائے گی، مختلف کمپنیوں، ایلیٹ کلب، صحت و تعلیم کے اداروں کو سافٹ ویئر سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، جم کلبوں، ہیلتھ کلب، پرسنل کیئر، ہیلتھ کیئر، سلمنگ کلینکس بھی سافٹ ویئر سے منسلک ہوں گے۔
ایف بی آر کے مطابق لاہور جمخانہ، اسلام آباد کلب، چناب کلب، رائل پام لاہور، کراچی جمخانہ اور پولو کلب کو سافٹ ویئر سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، منی چینجرز، فاریکس ڈیلرز اور غیر ملکی کمپنیوں کو بھی سافٹ کا پابند بنا دیا گیا، بڑے ہسپتالوں، لیبارٹریز اور نجی سکول، کالجز میں بھی سافٹ ویئر نصب کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق 45 مربع فٹ سے کم جگہ کے نان اے سی ہوٹل اور چھوٹے ریسٹورنٹس پر سافٹ وئیر نصب نہیں کیا جائے گا، سافٹ ویئر کی تنصیب سے سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس میں ودہولڈنگ ٹیکس کی چوری پر قابو پایا جائے گا، اطلاق آئندہ مالی سال کے آغاز یکم جولائی 2024ء سے ہو جائے گا۔