اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے وزیر خزانہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے زیر صدارت اجلاس میں ایف بی آر کی ریونیو اکٹھا کرنے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ کو ریونیو میں اضافہ کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیر خزانہ کو ریونیو اکٹھا کرنے کی کوششوں اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔
چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں کے لئے ریونیو اکٹھا کرنے کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے، ایف بی آر پورے سال کے ریونیو ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس کے حقیقی پوٹینشل کے حصول کے لئے کوششیں تیز کی جائیں، وزیر خزانہ نے ایف بی آر ٹیم کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔