اسلام آباد: (دنیا نیوز) سرکاری جنریشن کمپنیاں معیشت پر بھاری بوجھ، اضافی ملازمین بھی مسئلہ قرار، پاور ڈویژن نے جینکوز کی خراب کارکردگی کا اعتراف کر لیا۔
وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کو جینکوز کے حکام نے تفصیلی بریفنگ دی، وفاقی وزیر نے جینکوز کے انتظامی امور پر تشویش کا اظہار کیا اور پاور ڈویژن سے تمام جینکوز کی نجکاری، ان کے اثاثہ جات کی فروخت یا متبادل استعمال کیلئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
نجکاری رپورٹ کی تیاری سے خزانہ پر بوجھ بننے والے ان اداروں کے متعلق فیصلہ ممکن ہوسکے گا، جینکوز کے سرپلس ملازمین کے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی گئی۔
وفاقی وزیر نے جینکوز کے حکام کو عدالتوں میں زیر التوا کیسز کی احسن طریقے سے پیروی کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ اداروں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔