لاہور:(دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کا داسو پراجیکٹ کا دورہ، جاری کام کا جائزہ لیا۔
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کا اپنے دورے کا مقصد داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز سے اظہار یکجہتی تھا۔
چینی سفیر اور چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ سائٹ پر چینی ورکرز کے ساتھ وقت گزارا، چیئرمین واپڈا کو چینی تعمیراتی کمپنی کے کنسٹرکشن کیمپ کا دورہ بھی کرایا گیا۔
چیئرمین واپڈا نے چینی انجینئرز کو پیش آئے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پرچینی ورکرز سے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، امید ہے واقعہ کے ذمہ داران کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ فریقین کی مشاورت سے داسو سمیت واپڈا منصوبوں پر سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، پانی اور پن بجلی منصوبوں کی تعمیر میں چین کی تعمیراتی کمپنیوں کو سراہتے ہیں۔
چیئرمین واپڈا نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں باہمی تعاون میں دراڑ ڈالنے میں ناکام رہیں گی، ہم دہشت گردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔