اسلام آباد :(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے ملک میں معاشی نمو کیلئے ڈالر کا ہونا ضروری جو برآمدات بڑھانے سے ممکن ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ڈالر ہوں تو باقی دنیا سے چیزیں خرید کر پاکستان لائیں اور اسے خرچ کریں، معاشی نمو بڑھ جائے گی، ڈالر ختم تو نمو ختم اور پھر آئی ایم ایف کی مدد مانگنی پڑ جائے گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ مالی بحران کو برآمدات میں اضافے سے حل کیا جا سکتا ہے، برآمدات بڑھانے کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشاورت سے کئے گئے صحیح فیصلوں سے سازگار ماحول فراہم کرکے ایکسپورٹ بڑھائی جاسکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر میڈیا نے نئے پروگرام پر بات چیت کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے تاہم یہ سوال بھی اپنی جگہ ہے کہ نئے معاہدے کے بعد کیا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک آئی ایم ایف کے ساتھ نیا معاہدہ ہوجائے۔