لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے روٹی کی قیمت میں 4 اور نان کی قیمت میں 5 روپے کی کمی کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ آج سے روٹی کی قیمت 20 روپے سے کم کر کے 16 روپے فی روٹی مقرر کر دی۔
مریم نواز نے پنجاب کے تمام اضلاع اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دیں کہ آج سے روٹی 16 روپے میں فروخت ہو گی۔
اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس فیصلے پر سختی سے عملدآمد کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ اللہ رب الکریم عوام کے لیے مزید آسانیاں فرمائے، آمین۔
بعد ازاں پنجاب حکومت نے روٹی کے بعد نان کی قیمت 5 روپے کم کر دی، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کے مطابق اب 100 گرام روٹی کی قیمت 16 اور 120 گرام نان کی قیمت 20 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہو گا۔