ہم کیپسٹی پیمنٹ کے جنجال میں پھنسے ہوئے، پاور کمپنیوں کی نجکاری کرینگے: اویس لغاری

Published On 15 May,2024 11:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ کیپسٹی پیمنٹ کے جنجال میں ہم پھنسے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ اگلے تین سے چارسالوں میں ٹرانسمیشن لائنوں کو بہتر کریں گے، پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی نجکاری کریں گے، ہم چاہتے ہیں لوگ سولر کی طرف جائیں، سسٹم پر لوڈ کم ہوگا، تمام ریفارمز کو ایک ایک کرکے مکمل کریں گے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے سرکلر ڈیٹ میں اضافہ نہ ہو، انڈسٹری کے لئے بجلی کے ریٹ پرغور کیا جا رہا ہے، ہم تو کسی کو اخلاقی طور پرچور نہیں کہہ سکتے، پرسوں علی امین گنڈا پور نے مجھے فون کیا تھا، علی امین گنڈا پور نے تعاون کرنے کا کہا تھا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی جگہ کنڈے یا بجلی چوری ہوگی تو اس کا خمیازہ بجلی دینے والا کیوں بھگتے؟ یہ تو بڑا سیریس معاملہ ہے، غیرذمہ دارانہ بیان نہیں دینا چاہئے، بجلی چوری روکنے کے لئے ریاست کی خاطرسپورٹ کرنا پڑے گا۔