لیوژو :(ویب ڈیسک ) چین میں تیار وولنگ ہانگ کوانگ منی کار کی دیہی علاقوں میں ڈیمانڈ بڑھنے لگی۔
وولنگ ہانگ کوانگ منی ایسی الیکٹرک گاڑی ہے جو چین کے جنوبی شہر لیوژو میں ہر طرف نظر آتی ہے، لیوژو میں الیکٹرک وہیکلز چارج کرنے کے لیے پورے شہر میں سٹیشن بنائے گئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کی پالیسی کے مطابق الیکٹرک گاڑی کا ڈرائیور چاہے وہ مرد ہو یا خاتون دو گھنٹے تک مفت کار پارکنگ کے ساتھ چارجنگ کرسکتا ہے، لیوژو شہر کی خاص بات یہ ہے کہ وہاں بڑی تعداد میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ پوائنٹ بنانے سے ڈرائیورز کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے۔
لیوژو شہر کی رہائشی خاتون کاؤ نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وولنگ ہانگ کوانگ منی کار کی خاص بات یہ ہے کہ یہ دوسری گاڑیوں کی نسبت بہت سستی ہے، اس لئے یہاں کے دیہی علاقوں میں اس کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔
کاؤ کا کہنا تھا کہ منی کار کو میں اپنے بچوں کو سکول سے لانے، گھر کا سودا سلف لانے اور خصوصی طور پر دفتر جانے کیلئے استعمال کرتی ہوں ، جس نے اس کی زندگی کو سہل بنا دیا ہے، گاڑی میں 3افراد بآسانی بیٹھ کر سفر کرسکتے ہیں۔
واضح رہے پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور قلت کے باعث دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک الیکٹرک کاروں پر توجہ دے رہے ہیں جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ آلودگی میں کمی کا بھی موجب ہیں۔