چین: چاقو بردار خاتون کا پرائمری سکول پر حملہ، 2 طلبا ہلاک، 10 زخمی

Published On 20 May,2024 06:52 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے وسطی صوبے جیانگسی کے شہر گوئیسی میں واقع ایک پرائمری سکول میں چاقو بردار 45 سالہ خاتون نے اندر گھس کر بچوں اور اساتذہ پر حملہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون نے پھل کاٹنے والے چاقو سے حملہ کیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا جب کہ جائے وقوعہ سے ایک درجن سے زائد افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ہسپتال پہنچ کر دو زخمیوں نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جب کہ 4 افراد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، 6 افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

پولیس نے زیر حراست خاتون کی شناخت عرفیت ’’پان‘‘ کے نام سے ظاہر کی ہے، تفتیشی عمل جاری ہے تاہم اب تک واقعے کے محرکات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔