اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ 8 جون کو پیش کیا جائے گا، بجٹ کی منظوری عیدالاضحیٰ کے بعد لی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5 جون بلائے جانے کا امکان ہے جبکہ 8 جون کو آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ پیش کریں گے، ترقیاتی بجٹ کیلئے 1200 ارب روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترقیاتی بجٹ رواں مالی سال کی نسبت 260 ارب روپے اضافی ہو گا، وزارتوں اور ڈویژنز نے 2900 ارب روپے سے زائد مانگے تھے ان کی تجاویز کو ترقیاتی بجٹ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جاری منصوبے اور ان کی تکمیل پہلی ترجیح ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی 2 اہم ٹیکس تجاویز مسترد کر دی ہیں، ایف بی آر نے مختلف اشیاء پر سیلز ٹیکس 18 سے 19 فیصد جبکہ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 18 فیصد تک لگانے کی تجویز دی تھی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دونوں ٹیکس تجاویز سے اربوں روپے ٹیکس جمع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کی تجاویز کو رد کر دیا اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو متبادل تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے حالیہ مذاکرات میں پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگانے کی تجاویز دی تھیں، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس مارچ 2022ء سے معطل کر رکھا ہے، پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے بجائے 60 روپے فی لٹر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی چارج کی جا رہی ہے۔