اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور مختلف صنعتی و کاروباری ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے ویئر ہاؤس اور لاجسٹکس کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے تمام ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کر دی، کاروباری برادری نے وزیر اعظم کی جانب سے ان کا دیرینہ مطالبہ، جو کہ مختلف فورمز پر التوا کا شکار تھا، پورا ہونے پر اظہارِ تشکر کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت بحالی کی پٹڑی پر گامزن ہے، مزید معاشی استحکام کے لئے کام کر رہے ہیں، معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مقامی سرمایہ کاری بڑھے گی تب ہی بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا، اپنے آنے والے دورہ چین کے دوران چینی انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دوں گا، حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے افراط زر میں کمی واقع ہوئی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے متبادل توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے نئے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کریں گے، تین بڑے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کے لئے ماسوائے چند سٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے بقیہ تمام ایس او ایز کی نجکاری کر رہے ہیں، آئی ٹی انڈسٹری کی بہتر شرح نمو خوش آئند ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک تعیناتی ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو ان کے تمام جائز مطالبات اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو تمام صنعتی شعبوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے لئے ٹاسک دے دیا۔
وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، وفد کے ارکان نے یقین دلایا کہ کاروباری برادری معیشت کی بہتری اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔