اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وزیر وفاقی تعلیم و فنی تربیت خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق، جاوید حنیف اور عبدالحفیظ شامل تھے، وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے، ملک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
محمد شہبازشریف نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس شہر کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملاقات میں وفاقی بجٹ پر مشاورت ہوئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں، وزیراعظم نے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بجٹ تجاویز کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔