اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچررز کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹویوٹا پاکستان علی جمالی، آٹو پارٹس صنعت کے نمائندے عامر اللہ والا بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور وفد نے وزیراعظم کو آٹو سیکٹر کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹو سیکٹر پاکستان میں مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری کرے، آٹو سیکٹر اپنی مصنوعات کا ایک خاطر خواہ حصہ برآمد کرے اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے، آٹو سیکٹر ڈیلیشن کی پالیسی پر عملدرآمد کرے۔
شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی آٹو پارٹس کی صنعت عالمی ویلیو چین کا حصہ بنے، حکومت ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔