اسلام آباد :(دنیا نیوز ) سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے بورڈز کو تحلیل کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری اداروں کے بورڈ ارکان کو ہٹانے کے لیے قانونی پیچیدگیاں دور کرتے ہوئےکابینہ کی منظوری کے بعد سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق ترمیمی صدارتی آرڈیننس 2024 جاری کیا، صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے آرڈیننس کا اطلاق فوری طور پر کردیا۔
آرڈیننس کے تحت وفاقی حکومت کو بورڈز ارکان کو ہٹانے کا اختیار ہوگا، وفاقی حکومت بورڈ تعیناتی کمیٹی کی سفارش پر بورڈ ارکان کو ہٹاسکے گی جبکہ سرکاری اداروں کے بورڈ ارکان کی کارکردگی کو بھی جانچا جائے گا۔
آرڈیننس میں بتایا گیا کہ بورڈ تعیناتی کمیٹی بورڈ ارکان کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور جانچ پڑتال کرے گی، کارکردگی کی بنیاد پر وفاقی حکومت کو بورڈ ارکان کو ہٹانے کی سفارش کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے نو سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ تحلیل کرکے نئے بورڈز تشکیل دیئےجائیں گے۔