کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، سرمایہ کار پریشان

Published On 07 June,2024 10:15 am

کراچی: (دنیا نیوز) کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان ہے جس کے باعث سرمایہ کار پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

آج کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران 109 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 73 ہزار754 پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے روز مندی کا رجحان رہا تھا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر معمولی مثبت رجحان دیکھا گیا تاہم کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا جس کے باعث 100 انڈیکس 356 پوائنٹس کی کمی کیساتھ 73 ہزار 862 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 447 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی تھی جس کے بعد 100 انڈیکس 74 ہزار 219 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز 6 ارب 44 کروڑ 83 لاکھ 28 ہزار 723 روپے مالیت کے 11 کروڑ 27 لاکھ 94 ہزار 549 شیئرز کا لین دین ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشاہدہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مارکیٹ پر فروخت کا دباؤ ہے جس سے خاص طور پر بینک، کھاد، ایکسپلوریشن، پیداواری اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص پر اثر پڑا ہے۔