اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی ریاستی ملکیتی اداروں کے مالی نقصانات پر وزارت خزانہ کی سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی۔
وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق مالی سال 2021-22 کی نسبت گزشتہ مالی سال حکومت پر اداروں کا بوجھ مزید بڑھ گیا، خسارے کا شکار اداروں کے سالانہ نقصانات 905 ارب تک پہنچ گئے، مالی سال 2022-23 میں نقصانات میں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ سالانہ بنیادوں پر حکومتی ملکیتی اداروں کے نقصان میں 202 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ توانائی شعبے میں حکومتی ملکیتی اداروں کے نقصانات 304 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، حکومت نے توانائی سمیت دیگر اداروں کو 1021 ارب روپے کی مالی امداد بھی دی۔
وزارت خزانہ کی دستاویز میں کہا گیا کہ تقسیم کار کمپنیوں سمیت توانائی شعبے پر 759 ارب روپے خرچ کیے گئے، گزشتہ 10 برسوں میں ریلویز، این ایچ اے کے نقصانات 5 ہزار 595 ارب سے تجاوز کر گئے، حکومتی ملکیتی اداروں کے خسارہ کے باعث گردشی قرضہ 4 ہزار ارب روپے سے بڑھ گیا۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئل اینڈ فنانشل سمیت دیگر سرکاری اداروں نے 703 ارب منافع بھی کمایا، سرکاری اداروں کے اثاثوں کی بک ویلیو 35 ہزار 218 ارب روپے ریکارڈ کی گئی، سرکاری اداروں کے ذمہ واجبات 20 فیصد اضافہ سے 29 ہزار 721 ارب ریکارڈ کیے گئے ہیں۔