اسلام آباد:(دنیا نیوز ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے شیر خوار بچوں کے دودھ کے ڈبے پر ٹیکس اور سٹیشنری پر سیلز ٹیکس مسترد کردیا۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں بچوں کے دودھ کے ڈبے پر ٹیکس سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے ارکان نے تجویز پیش کی کہ شیر خوار بچوں کے دودھ کے ڈبے پر 18 فیصد سیلز ٹیکس نہ لگایا جائے اور خزانہ کمیٹی کی ڈبے کے دودھ پر بھی 18 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز مسترد کردی جائے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں سٹیشنری پر 10 فیصد سیلز ٹیکس نہ لگانے کی تجویز بھی پیش کی گئی جسے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سٹیشنری پر لگنے والا سیلز ٹیکس مسترد کردیا۔