حج و عمرہ پیکیج میں نان فائلرزکو استثنیٰ کا دوبارہ جائزہ لیا جائے: فیصل واوڈا

Published On 21 June,2024 05:34 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حج و عمرہ پیکیج میں نان فائلرزکو استثنیٰ کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔

بجٹ سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ نان فائلرز کو حج و عمرہ کا استثنیٰ کیوں دیا گیا، اس کی وضاحت کریں کہ اس کے پیچھے کیا لاجک ہے، حج و عمرہ کیلئے نان فائلرز پر بھی فائلرز کی شرط لاگو کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف مذہبی فریضہ ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے، ممبر آپریشن ایف بی آر کو بھی پتہ ہونا چاہیے کہ مذہب میں بھی پہلے قانون کی پاسداری ہے، نان فائلرز کو استثنیٰ کا دوبارہ جائزہ لینا ہوگا۔

دوسری جانب فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران میڈیا رپورٹر کی تنخواہوں پر کٹ لگائے گئے، کورونا کے دنوں میں تنخواہوں میں لگنے والا کٹ ورکرز کو واپس ملنا چاہئے۔

چیئرمین کمیٹی نے گفتگو کے دوران فیصل واوڈا سے کہا کہ آپ کوئی تجویز دیں ہم اس پر کیا کرسکتے ہیں۔

اس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہمیں میڈیا ورکرز کو کسی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ اور مراعات دینی چاہئیں، اس سلسلے میں ہمیں وزارت اطلاعات کے ساتھ میٹنگ کر لینی چاہیے۔