نان فائلرز وزارت توانائی کے بھی نشانے پر، بجلی بلوں میں ایڈوانس انکم ٹیکس عائد

Published On 12 July,2024 06:44 pm

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) وزارت توانائی ایف بی آر کے نقش قدم پر چلنے لگی، وزارت توانائی نے نان فائلرز کو نشانے پر رکھ لیا، نان فائلر صارفین پر بجلی کے بلوں میں ایڈوانس انکم ٹیکس بھی عائد ہوگا۔

نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 12 پیسے اضافے کی منظوری دی اور قیمتوں کا اطلاق بھی ہوگیا لیکن بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹیکسز کی بھی بھر مار ہوئی ہے۔

ایف بی آر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وزارت توانائی کی جانب سے بھی نان فائلر صارفین پر بجلی کے بلوں میں ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

حکام وزارت توانائی کے مطابق نان فائلر کے 25 ہزار کے بجلی کے بلوں میں 5 سے 7 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس عائد ہوگا، حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ کمرشل بجلی صارفین کے بلوں پر 10 سے 12 فیصد انکم ٹیکس بھی عائد ہوگا۔

بجلی استعمال نہ کرنے والے یا  اِن ایکٹو  صارفین پر ایکسٹرا سیلز ٹیکس لگے گا، کمرشل صارفین پر بھی ایکسٹرا سیلز ٹیکس عائد ہوگا، ریٹیلرز پر الگ سے ٹیکس عائد ہوگا، الیکٹری سٹی ڈیوٹی بھی بجلی بلوں پر عائد ہوگی جو کہ صوبوں کی ذمہ داری ہے۔

بجلی صارفین پر اور کتنے اقسام کے ٹیکسز ہوں گے؟

تمام بلوں پر پی ٹی وی فیس 35 سے 60 روپے تک عائد ہوگی، تمام بلز پر 18 فیصد جی ایس ٹی بھی عائد ہوگا، ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس بھی بجلی کے بلز پر لاگو ہوں گی۔