اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں بجلی کی قیمتوں کا تعین نیپرا کرتا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی کی قیمتوں اور ٹیرف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا ہر 3 ماہ کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں کا تعین کرتا ہے، ہمیشہ کہا جاتا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں بجلی کی قیمتوں کا تعین نیپرا کرتا ہے، قیمتوں کا تعین ہر ماہ کے لئے کیو ٹی اے اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں کیا جاتا ہے ، بجلی کی قیمتوں کے تعین کے لئے پٹیشنز دائر کی جاتی ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ روز 26 اگست کو نیپرا نے ہماری پٹیشن کی سماعت کی، اگر ہماری پٹیشن تسلیم کرلی گئی تو اس کے مطابق کیو ٹی اے کی مد میں ستمبر سے نومبر کے بلوں کے اندر 96 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہوگا اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں 2 روپے 87 پیسے کی کمی آئے گی، صارفین کو 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ کم ادا کرنا پڑیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ پٹیشن میں جو فیصلے آتے ہیں ناسمجھی کی وجہ سے غلط تشریح کی جاتی ہے، ہر سال پیچیدہ پاور سیکٹر میں نیپرا قیمتوں کا تعین کرتا ہے، ناسمجھی کی وجہ سے کہا جاتا ہے قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔