اسلام آباد: (دنیا نیوز) کیپسٹی پیمنٹ کا جن قابو سے باہرہوگیا، گزشتہ سال آئی پی پیز سے 1198 ارب روپے کی بجلی کی خریداری کی گئی مگر 3127 ارب کی ادائیگیاں کی گئیں، ایک سال میں آئی پی پیز کو بجلی خریدے بغیر 1929 ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ کی گئی۔
آئی پی پیز کو کی گئی کل ادائیگیوں میں 38 فیصد پیداواری لاگت آئی، 62 فیصد کیپسٹی پیمنٹ کا انکشاف ہوا، 85 فیصد آئی پی پیز کی پیداوار 50 فیصد سے کم مگر ادائیگیاں 100 فیصد کی گئیں، زیرو فیصد پلانٹ فیکٹر والے پاور پلانٹس کو ایک سال میں 46 ارب 40 کروڑ روپے کیپسٹی پیمنٹ ادا کی گئی۔
زیرو فیصد پلانٹ فیکٹر والے پلانٹس میں حبکو، کیپکو، ایچ سی پی سی شامل ہیں، چار فیصد پلانٹ فیکٹر رکھنے والے ایک پلانٹ کو 7 ارب روپے سے زائد کی ادائیگی کی گئی، آٹھ فیصد پیداوار والے نندی پور پلانٹ کو 15 ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ ادا کی گئی۔
کیپسٹی سے 25 فیصد کم بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کو 568 ارب روپے کیپسٹی پیمنٹ کی گئی، 25 فیصد سے 83 فیصد تک بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کو 1314 ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ کی گئی۔