اسلام آباد :(دنیا نیوز) حکومت اور یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کے درمیان آخر کار 8 روز کے بعد مذاکرات کامیاب ہو نے پر دھرنا ختم کردیا گیا اور حکومت نے ملازمین کو سٹورز بند نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔
ذرائع کے مطابق مذاکراتی ٹیم کا کہناتھا کہ وزیرصنعت اورسیکرٹری نے ادارے کو بند نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، دونوں نےیقین دہانی کرائی ہے کہ کسی ملازم کونہیں نکالیں گے۔
عارف شاہ کا کہناتھا کہ حکومت کاشکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں، ہمارےجواندرکےمسائل ہیں وہ بھی حل ہوں گے، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹور کا تعاون کرنے پر بھرپور شکریہ ادا کرتےہیں۔
قبل ازیں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے وفد نے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کی ، ملاقات میں رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کی تنظیم نو کے مختلف آپشنز پر کام ہو رہا ہے، سٹورز بند کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی یکطرفہ اقدام نہیں کیا جائے گا۔