اسلام آباد آباد :(دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے سابق سکیورٹی انچارج عمر سلطان کی بازیابی کے کیس میں متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او شالیمار کو کل طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے لاپتہ عمر سلطان کے والد سلطان جاوید کی درخواست پر سماعت کی، وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمر سلطان کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے 26 اگست کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا گیا، عمر سلطان کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں واقع پٹرول پمپ کے قریب گرفتار کیا گیا۔
وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ تھانے میں عمر سلطان کی بازیابی کیلئے درخواست دی مگر کوئی ایکشن نہ لیا گیا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عمر سلطان کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور عمر سلطان کے خلاف مقدمات اور نظر بندی کے احکامات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار کا اپنے دلائل میں مزید کہنا تھا کہ عمر سلطان کی گرفتاری و اغوا کو غیر قانونی قرار دیا جائے، عمر سلطان کو حبس بے جا میں رکھنے کی غیر جانبدار انکوائری کا حکم دیا جائے جبکہ اغوا کاروں کا تعین کرکے ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایس پی اور ایس ایچ او کو کل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔