اسلام آباد: (دنیا نیوز) ان لینڈ ریونیو سروسز آفیسرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کا ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان مسترد کر دیا۔
ایسوسی ایشن نے تنخواہیں دیگر گروپس کے برابر کرنے سمیت 5 مطالبات پیش کر دیئے، آڈٹ کیلئے نجی شعبے سے ہائرنگ کے باعث ڈیٹا لیک ہونے کے خدشات کا بھی اظہار کیا گیا۔
ان لینڈ ریونیو سروسز آفیسرز ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق ٹرانسفارمیشن پلان ایف بی آر حکام کی کوآرڈینیشن کے بغیر تشکیل دیا گیا، ٹاسک فورس کو صرف ڈیٹا کے تجزیہ اور ٹیکس کی نشاندہی کا ٹاسک سونپا گیا تھا، ٹاسک فورس کا ٹیکس تجاویز یا سفارشات مرتب کرنے میں کوئی عمل دخل نہیں تھا۔
ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس اور نئے چیئرمین ایف بی آر افسران اور ادارے کے مسائل سمجھنے سے قاصر ہیں، ان لینڈ ریونیو افسران سے چیئرمین ایف بی آر کا رویہ مناسب نہیں، ٹرانسفارمیشن پلان میں ان لینڈریونیو کے جونیئر افسران کے بنیادی حقوق کا کوئی پلان نہیں۔
ان لینڈ ریونیو سروسز آفیسرز ایسوسی ایشن کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ اور بنیادی سہولیات کے بغیر ٹرانسفارمیشن پلان کامیاب نہیں ہو سکتا، ان لینڈ ریونیو اور پاکستان کسٹمز کے افسران سے مساوی برتاؤ کیا جائے۔