اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کردیئے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 05 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 12 اعشاریہ 08 فیصد پر آگئی، ایک ہفتے کے دوران 16 اشیاء مہنگی جبکہ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں اوسطاً 7 روپے کا اضافہ، پیاز کی فی کلو قیمت اوسطاً 8 روپے، دال چنا فی کلو 4 روپے تک مہنگی ہوئی، آلو، گڑ، جلانے کی لکڑی، تازہ دودھ ، چکن، چاول، گوشت، گھی، لہسن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال ماش فی کلو 10 روپے، دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 5 روپے،چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے کمی ہوئی جبکہ بریڈ، چائے پتی سمیت 26 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔