امریکہ میں پاکستانی وفد کی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف حکام سے ملاقاتیں

Published On 22 October,2024 05:52 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ میں پاکستانی وفد نے ورلڈ بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔

واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے الواریز اینڈ مارسل کے وفد سے ملاقات کی۔

الواریز اینڈ مارسل کے وفد کی قیادت سابق گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے کی، ملاقات کے موقع پر اندرونی اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں اور بیرونی قرض دہندگان تک رسائی بحال کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر ایم سی ڈی جہاد ازعور سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کی پاکستان کیلئے مسلسل حمایت، خصوصاً حال ہی میں منظور شدہ 7 ارب امریکی ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر پاکستانی وفد نے حکومت کی مالیاتی استحکام، محصولات میں اضافے، توانائی، سرکاری اداروں کی اصلاحات اور پاکستان کو استحکام سے ترقی کی طرف لے جانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

ملاقات میں آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد ازعور نے فنڈ پروگرام کے کامیاب آغاز پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اصلاحات کے تسلسل پر زور دیا۔

واضح رہے کہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہوچکے ہیں، واشنگٹن میں وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، امریکی سٹیٹ اور ٹریژری ڈیپارٹمنٹس سمیت دیگر اداروں کے حکام سے ملاقاتیں طے ہیں۔