کراچی: قبرستان سے خاتون کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد

Published On 22 October,2024 03:08 am

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں قبرستان سے خاتون کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد ہوئی۔

سائٹ ایریا میٹروول شہید قبرستان سے ملنے والی خاتون کی لاش چادر میں لپٹی اور صندوق میں بند تھی، منہ پر بھی ٹیپ لگی ہوئی تھی، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی۔

ایس ایچ او چودھری جاوید اختر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ خاتون کو کسی اور علاقے میں قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو صندوق میں بند کر کے قبرستان میں ٹھکانے لگانے کے لئے لایا گیا تھا جس میں ملزمان کامیاب نہیں ہو سکے، فوری طور پر مقتولہ کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 40 سے 45 سال کے قریب بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا، واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی۔