ایف بی آر کا پراپرٹی کے نئے ریٹ جاری کرنے کا فیصلہ

Published On 24 October,2024 09:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی کے نئے ریٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر کے 42 کے بجائے 54 شہروں کے ریٹ جاری کئے جائیں گے، ایف بی آر کے ریٹ آئندہ چند روز میں جاری ہونے کا امکان ہے، پراپرٹی کے ریٹ کیلئے مزید 12 شہروں میں بھی ایف بی آر ریٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع ایف بی آر کا بتانا ہے کہ مختلف شہروں میں جائیدادوں کی قیمتوں کے ازسر نو تعین کا عمل مکمل کر لیا گیا، پراپرٹی کی نئی ویلیوایشن مارکیٹ ریٹس کے زیادہ قریب ہوگی، بلوچستان کے شہروں میں ایف بی آر کا ریٹ کم کیا جائے گا، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت تمام بڑے شہروں میں پراپرٹی کے نئے ریٹس جاری ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت قانون سے توثیق کے بعد رواں ہفتے پراپرٹی کے نئے ویلیوایشن ٹیبل جاری ہو سکتے ہیں، اس کا مقصد جائیدادوں پر ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کرنا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق ریئل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبوں کی حوصلہ شکنی نہیں کی جائے گی، پراپرٹی فائلوں کی خرید و فروخت کرنے والوں پر ٹیکس میں اضافے کی تجویز ہے، پراپرٹی کے نئے ریٹس کے تعین میں ریئل اسٹیٹ ایسوسی ایشنز، بلڈرز اور ڈویلپرز کے ساتھ مشاورت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پراپرٹی ویلیوایشن کیلئے بھکر، چارسدہ ، چنیوٹ، خانیوال، خوشاب، میانوالی، سبی اور صوابی شامل ہے۔