رانا تنویر سے ایرانی سفیر کی ملاقات، تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال

Published On 17 January,2025 02:23 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ایرانی سفیر سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ زرعی تجارت اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان زرعی شعبے میں تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے چاول، آم اور حلال گوشت کی ایران کو برآمدات بڑھانے کی صلاحیت کو اجاگر کیا تاکہ ایران کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے، ملاقات کے دوران پلانٹ قرنطینہ اور صحت و حفاظتی معیارات (ایس پی ایس) کو آسان بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رانا تنویر حسین نے ایرانی حکام پر زور دیا کہ وہ مکئی کے لئے پیسٹ رسک تجزیے (پی آر اے) کی دستاویز کو جلد حتمی شکل دیں جو پاکستان نے اس سال جمع کرائی تھی، دونوں فریقین نے زرعی تحقیق میں مشترکہ صلاحیت سازی کے مواقع تلاش کیے جن میں زعفران، پستہ اور بادام جیسی قیمتی فصلوں پر تعاون اور زراعت میں قابل تجدید توانائی کے استعمال پر بات چیت شامل تھی۔

وفاقی وزیر نے پاکستان سے ایران کو پروسیسڈ پولٹری اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد کے لئے طریقہ کار کو ہم آہنگ کرنے کی تجویز بھی پیش کی، ملاقات کا اختتام دوطرفہ تجارتی شراکت داری کو خوشحال اور پائیدار بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔