اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو چینی صنعتوں کے لیے برآمدی مرکز بنانے کی کوشش کریں گے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب کا ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور چین کے درمیان سرسبز و طویل مدتی شراکت داری قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے اے آئی اور ٹیکنالوجی، مالی امداد کی فراہمی کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی اور علوم کی منتقلی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے، ہم نے چینی قیادت سے ہمیشہ سیکھا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے فیز میں باہمی کاروباری شراکتوں کے ثمرات نمایاں ہوں گے، سی پیک فیز ٹو میں چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے امکانات پر توجہ ہو گی ، پاکستان کو چینی صنعتوں کے لیے برآمدی مرکز بنانے کی کوشش کریں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اسی سال پانڈا بانڈ کا اجرا ہو جائے، ہم دنیا کی سب سے بڑی اور گہری چینی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی کے لیے کوشاں ہیں، پہلے ایف ڈی آئی ڈیجیٹل انشی ایٹو کا پاکستان کے لیے اجرا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم دوسروں کے تجربات سے سیکھ کر پاکستان کے آئی ٹی شعبے کو آگے لے جانے کے خواہاں ہیں، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی کامیاب منتقلی، سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام، فِن ٹیک مواقع اور اے آئی ڈیٹا سنٹرز کے لیے یہ اہم پیش رفت ہے، پاکستان میں فری لانسرز کی دنیا کی تیسری سب سے بڑی آبادی موجود ہے۔