اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے مشاورتی عمل شروع کر دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات ہوئی، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کی ٹیمیں آنے والے دنوں میں تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔
محمد اورنگزیب نے منصفانہ، مؤثر اور بہترین ٹیکس کے نظام کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسی یونٹ کو ایف بی آر سے نکال کر وزارت خزانہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا مقصد ٹیکس پالیسی کو ریونیو کلیکشن کے دباؤ سے محفوظ رکھنا ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت کاروبار کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے، پاکستان کا موجودہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب تشویش ناک حد تک کم ہے، وزیر خزانہ نے اس تناسب کو اگلے تین سالوں میں 13.5 فیصد تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔