وفاق نے اعدادوشمار میں تبدیلی سے ہمارے سرپلس کو کم کردیا: مزمل اسلم

Published On 08 February,2025 01:00 pm

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وفاق نے اعدادوشمار میں تبدیلی کر کے ہمارے سرپلس بجٹ کو 86 ارب تک کم کردیا۔

خیبرپختونخوا کے سرپلس بجٹ اور وفاقی کھاتوں بارے اپنے ایک بیان میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ہمارے حساب کے مطابق خیبرپختونخوا کا سرپلس بجٹ 169 ارب کے قریب ہے، وفاق نے اعدادوشمار کی تبدیلی کے ساتھ ہمارے سرپلس کو 86 ارب تک کم کر دیا ہے، وفاق نے ضم علاقوں کے ترقیاتی فنڈز روکے ہیں ،جاری اخراجات کم مختص کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت نے 169 ارب روپے کےسرپلس فنڈز پیدا کیے ہیں، خیبرپختونخواحکومت نے پنشن اور گریجویٹی فنڈ میں بھی 40 ارب روپے کے اضافی فنڈز ڈالے ، دلچسپ بات یہ ہے کہ وفاقی کھاتوں نے انہیں اخراجات میں شمار کیا ہے۔

مشیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزارت خزانہ کے پنجاب اور خیبرپختونخواکےلیے رپورٹ کردہ شماریات میں تضادات ہیں، وفاقی شماریات کے مطابق خیبرپختونخوا کے سرکاری اداروں کے ذخائر میں کمی واقع ہوئی ہے ، اکاؤنٹنٹ جنرل کی طرف سے پنجاب کے مالیاتی اخراجات میں تنزلی کی وجہ سے شماریاتی تفاوت ہے۔