کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد سے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام رجسٹرڈ مستحقین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جانے کے فیصلے پر غور کیا گیا، روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی مستحق خواتین کی رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقلی کیلئے سنجیدہ ہے تاکہ خواتین کو رقم کی تقسیم صاف وشفاف طریقے سے یقینی بنائی جا سکے۔
روبینہ خالد نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی مشاورت سے مستحق خواتین کو ان کی رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت خواتین کو رقم کی وصولی میں آسانی ہوگی اور حق داروں کو ان کا حق شفاف اور باعزت طریقے سے مل سکے گا۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کو خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے عمل میں ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔