لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آسان کاروبار پروگرام کا اجرا کر دیا اور کہا کہ نوجوان جلاؤ گھیراؤ نہیں ملک کا ساتھ دیں۔
آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ کی تقسیم کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ آسان کاروبار کارڈ کے تحت بلاسود 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک قرضے دیئے جا رہے ہیں، پروگرام کے تحت ملنے والے قرضے کی 3 سال میں آسان اقساط پر واپسی ہوگی۔
مریم نواز نے چیک وصول کرنے والوں سے ان کے کاروبار کی تفصیلات معلوم کیں اور کہا کہ قرضے آپ کو ملے ہیں خوشی مجھے ہو رہی ہے، نوازشریف کی بیٹی آج ایک اور وعدہ پورا کرنے جا رہی ہے، اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سکیم لانچ بعد میں ہوتی ہے ہم گراؤنڈ پر پہلے لاتے ہیں، 17 جنوری کو یہ پروگرام لانچ ہوا تھا اور درخواستیں مانگی گئی تھیں، ہم ایک ماہ کے اندر پہلے قرضے دینے جا رہے ہیں، یہ سکیم 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرض سکیم ہے، آپ کو کارڈ پر قرضہ دیا جا رہا ہے، کوئی لمبی چوڑی معلومات نہیں مانگی۔
مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں روزگار پیدا کرنا آسان کام نہیں، پرائیویٹ سیکٹر کو سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے، پچھلے 7 سے 8 سال کی بیمار معیشت کے بعد معاشی استحکام آیا ہے، جب ٹیک اوور کیا تو مہنگائی 38 فیصد پر تھی آج 4 فیصد سے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام صوبوں سے آٹا سستا ہے، کوشش کرتی ہوں غریب کیلئے آٹا اور روٹی مہنگی نہ ہو، پنجاب میں روٹی آج بھی 12 روپے کی ہے، لوگوں کو سمجھ نہیں آتی کہ اپنا کا پیٹ پالیں یا بچوں کو پڑھائیں، میکرواکنامک انڈیکیٹر بہتر ہورہے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ میرے پاس 1 لاکھ 85 ہزار درخواستیں 10 لاکھ قرض کیلئے آئی ہیں، تقریباً71 ہزار درخواستیں 3 کروڑ روپے کے قرضے کیلئے آئی ہیں، جب ان کو قرضہ دستیاب ہوگا تو دنوں میں ترقی کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوگ جو مرضی کہتے رہیں سب کو سمجھ آگئی ہے کہ پاکستان ٹیک آف پوزیشن پر کھڑا ہے، لوگ کہتے رہیں باہر نکلو، جلاؤ گھیراؤ کرو، پنجاب سے ایک بندہ باہر نہیں نکلا، خیبرپختونخوا میں بھی صرف سرکاری ملازمین باہر نکلے تھے، لوگ جلاؤ گھیراؤ سے تنگ آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نالائقی اور بے حسی کے انبار لگے ہیں، انٹرنیشنل سرمایہ کار ملک سے باہر چلے گئے، انہوں نے دوسرے ممالک کے سامنے پاکستان کا کیا چہرہ پیش کیا؟ یوتھ کوسمجھ آگئی ہے کس نے ان کا مستقبل تباہ کیا، عوام نے فتنہ فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، رمضان میں مفت پلاٹ دیں گے، پنجاب کی 35 لاکھ فیملیز کو فی گھر 10 ہزار ملے گا، رمضان میں 50 ہزار سے کم آمدنی والے گھرانوں کو 10 ہزار ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وزیراعلیٰ نے کہا ہم پنجاب کی سکیموں کو کاپی کرتے ہیں، اپنا گھر سکیم کے لیے 13 ہزارمکانات کے لیے قرضے دے چکے، پانچ لاکھ لوگوں کو کسان کارڈ مل چکا ہے، رمضان کے بعد لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کل نارروال میں سڑکوں کا افتتاح کروں گی، گھر میں بیٹھ کر گالی دینا، الزام لگانا بہت آسان ہوتا ہے، میرے مخالفین نے جو میری جماعت یا خاندان کیساتھ کیا اللہ پر چھوڑ دیا، آج وقت نے کیسا پلٹا کھایا وہ اڈیالہ جیل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس نے جرم کیا اسے سزا مل رہی ہے، کوئی اگر اڈیالہ میں اچھا کھانا کھا رہا ہے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں، ملک اب انتشار، جلاؤ گھیراؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا، نوجوان جلاؤ، گھیراؤ کے بجائے ملک کا ساتھ دیں، بیانیہ ایک ہی ہونا چاہیے ملک کی ترقی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے یہ بیانیے کا دور ہے، کارکردگی کا نہیں، خالی تقریروں سے کسی کا پیٹ نہیں بھرتا، شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں، کئی سال بعد چمپینز ٹرافی اور ہارس اینڈ کیٹل شو ہو رہا ہے۔