کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ہانگ کانگ، متحدہ عرب امارات اور ڈنمارک کی کمپنیاں بندرگاہوں پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔
وفاقی وزیر بحری امور قیصر شیخ نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ بندرگاہوں پر ہونے والے قبضوں کے ذمے دار سابقہ حکومتوں کے ادوار ہیں، کراچی پورٹ کی کارگو ترسیل کو ایم ایل ون روٹ سے ریلوے لائن سے لنک کیا جائے گا۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی سالانہ آمدنی کو 100 ارب روپے تک بڑھانا ہے، پاکستان کے سرکاری اداروں کا خسارہ 10 سال میں 6 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور نے کہا کہ ملکی درآمدات و برآمدات کا 60 فیصد آپریشن عنقریب گوادر پورٹ سے شروع ہوگا ، چیئرمین گوادر پورٹ کی تعیناتی بلوچستان حکومت کی مشاورت سے ہوگی۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کیلئے 2047 تک کی پالیسی بنالی گئی ہے، بندرگاہوں کو مزید گہرا کرنے کا کام جاری ہے، بڑے کارگو ویسلز لنگرانداز ہوں گے۔