پاکستان کے خلاف بڑے سکور کا پلان ہے، شبمن گل

Published On 22 February,2025 04:54 pm

دبئی :(دنیا نیوز) بھارتی نوجوان اوپنر اور نائب کپتان شبمن گل نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بڑے سکور کا پلان ہے۔

دبئی میں میڈیا سے گفتگو میں شبمن گل کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، پچھلےمیچ میں اوس نہیں تھی مگر بال کھیلنے میں مشکل تھی، اسٹرائیک تبدیل کرتے رہے تو میچ جیت سکیں گے۔

انہوں  نے  کہا کہ پاکستان کے خلاف یقیناً سنچری کرنے کا دل ہے، ویسے تو ہر میچ میں بڑا سکور کرنے کا پلان ہوتا ہے،ون ڈے میچز زیادہ کھیلنے کو نہیں ملتے مگر ایکسٹرا رسک لینے کی ضرورت نہیں، اوورز ملتے ہیں تو سکور ہو جاتا ہے۔

بھارتی اوپنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک بھارت میچز کی ایک بہت بڑی اور طویل تاریخ رہی ہے، دبئی کی پیچ پر 280 یا 300 بہت اچھا سکور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شائقین کےلیے بڑا ایونٹ ہوتا ہے، ہم پلیئرز ہیں، گیم کھیلیں گے، کوئی میچ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرے تو بطور پلیئرز ہم کچھ نہیں کرسکتے۔

شبمن گل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم اچھی ہے، بدقسمتی سے وہ اپنا پہلا میچ ہار گئے، مگر پاکستان کوئی کم تر ٹیم نہیں ہے۔