خام سٹیل مارکیٹ میں مبینہ کارٹل بے نقاب، کمپی ٹیشن کمیشن کی انکوائری مکمل

Published On 11 March,2025 05:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) خام سٹیل مارکیٹ میں مبینہ کارٹل بے نقاب، کمپی ٹیشن کمیشن کی انکوائری مکمل ہو گئی، کارٹل بنانے والے سپلائرز کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق خام سٹیل کی قیمتوں میں 111 گنا اضافہ کیا گیا، انٹرنیشنل سٹیل اور عائشہ سٹیل ملز نے مبینہ طور پر گٹھ جوڑ سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا۔

خام سٹیل کے دونوں بڑے سپلائرز مل کر قیمتیں طے کرتے تھے، 3 سال میں خام سٹیل کی قیمت میں 1 لاکھ 46 ہزار روپے فی ٹن کا اضافہ کیا گیا۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق دونوں سٹیل سپلائرز کے مابین سکینڈری میٹریل کی فروخت پر بھی گٹھ جوڑ تھا، سٹیل ملز پر چھاپے کے دوران کارٹل بنانے کے واضح ثبوت حاصل ہوئے۔

کمپی ٹیشن کمیشن کے مطابق قیمتوں کو گٹھ جوڑ کرکے فکس کرنا صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی ہے، مارکیٹ میں ہر گٹھ جوڑ کو ناکام، آزادانہ مقابلے کو یقینی بنایا جائے گا۔