پی آئی اے نجکاری بارے شرائط میں ترمیم، 18 جی ایس ٹی ختم

Published On 24 April,2025 07:45 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ پی آئی اے نجکاری بارے شرائط میں ترمیم کردی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت میں محمد علی کی پی آئی اے کی نجکاری بارے ان کیمرہ بریفنگ میں کہنا تھا کہ پی آئی اے نجکاری بارے شرائط میں ترمیم کی گئی ہے، سرمایہ کاروں کے تمام مطالبات کو تسلیم کیا ہے، جہازوں کی لیز یا خریداری پر عائد 18 جی ایس ٹی ختم کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری رواں سال کی آخری سہ ماہی میں کر دی جائے گی، ایئر لائنز کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے لیے ملٹی ایئر ریونیو کی شرط نافذ ہو گی، بولی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے پاس 30 ارب روپے کا کیش یا شیئرز ہونے چاہیں۔

مشیر برائے نجکاری کا کہنا تھا کہ خواہشمند کمپنیوں کے اکاؤنٹس کا آڈٹ ہونا بھی شرائط میں شامل ہے، بولی سے 15 روز قبل کنسورشیم لیڈنگ ممبر تبدیل کرنے کی اجازت ہو گی، نجکاری کے لیے کسی بھی ملک کی حکومت کے ساتھ بات چیت نہیں ہو رہی۔

محمد علی نے کہا کہ پی آئی اے کے پاس 6900 ملازمین ہیں، ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا، ایئر لائنزکے پاس 34 میں سے 20 طیارے فعال ہیں، پی آئی اے کے کتنے فیصد شیئرز بیچیں گے اس کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔

مشیر برائے نجکاری کا کہنا تھا کہ حکومت یا حکومتی ملکیتی ادارہ نجکاری میں حصہ نہیں لے سکتا، گزشتہ بولی کی نسبت اس وقت پی آئی اے کی حالت بہت بہتر ہے، روٹس کی تعداد میں اضافے اور خسارے میں کمی سے بولی کی رقم بڑھنے کا امکان ہے۔