آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج، پاکستان کیلئے 2.3 ارب ڈالر کی منظوری متوقع

Published On 09 May,2025 10:12 am

اسلام آباد : (مدثر علی رانا) پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر دینے کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایک ارب ڈالر ای ایف ایف اور 1.3 ارب ڈالر آر ایس ایف فیسیلیٹی کی منظوری ہو گی، ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کے بعد ایک ارب ڈالر کی قسط فوری ریلیز کر دی جائے گی۔

آر ایس ایف پروگرام کی رقم اپ فرنٹ کی بجائے مختلف اقساط میں موصول ہو سکے گی، ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسیلیٹی 37 ماہ اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبل فنڈ کی مدت 28 ماہ ہے۔

ادھر وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ میں موجودہ قرض پروگرام کا پہلا جائزہ پیش کیا جائے گا، پاکستان نے قرض پروگرام میں رہتے ہوئے اہم اہداف پورے کیے ہیں، ٹیکس بلحاظ جی ڈی پی تناسب، پرائمری بیلنس، صوبائی سرپلس کے اہداف حاصل کئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیکیج ملکی معیشت کو سہارا دینے اور مالیاتی استحکام کیلئے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، بھارت کی طرف سے اس اجلاس کو رکوانے کی کوشش کی گئی تھی جو ناکام رہنے پر بھارت نے بورڈ میں موجود اپنے نمائندے کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

یاد رہے کہ بجٹ تیاری کیلئے اب آئی ایم ایف وفد 14 مئی سے 22 تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔