ایکنک کمیٹی کا اجلاس: 355 بلین کے 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

Published On 15 May,2025 12:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

ایکنک اجلاس میں 355.736 بلین روپے کے 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی، منصوبوں میں ٹرانسپورٹ، توانائی، تعلیم، آبی وسائل، تجارتی سہولت، سیاحت اور آفات کے بعد کی بحالی سمیت اہم شعبے شامل ہیں، خیبرپختونخوا کے منظور شدہ منصوبوں میں رورل اسسیبلٹی اپ گریڈ اور انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ پروجیکٹ شامل ہیں۔

سندھ میں سیلاب کے بعد بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے اقدامات، ابتدائی تعلیم کے کلاس روم ٹرانسفرمیشن اور کوئٹہ میں پانی کی ترسیل کے نظام کے ساتھ منگی ڈیم کی تعمیر شامل ہے، کمیٹی نے 100 ڈیزل الیکٹرک انجنوں کی مرمت کی بھی منظوری دی۔

اسلام آباد اور برہان میں ٹرانسمیشن سسٹم کی ری انفورسمنٹ، ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم کی ڈویلپمنٹ کی منظوری، ایف بی آر کے ذریعے کسٹمز ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز کا قیام اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔

وزیرخارجہ نے پاکستان کے تمام ریجنز میں جامع، پائیدار اور ترقی کو بڑھانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔