بھارت نے پانی روکا توپاکستان کےپاس کئی آپشنزموجود ہیں: عطار تارڑ

Published On 13 May,2025 10:50 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطار تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے اگر پانی روکا توپاکستان کے پاس بہت سےآپشنزموجود ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عطار تارڑ کا کہنا تھا کہ نریندرمودی کےالفاظ ان کا ساتھ نہیں دے رہےتھے، ان کی تقریرایک ناکام سیاست دان کی تھی،جنگ ختم کرنےکی پہلی کال بھارت نے دی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک پانی کا فلوبالکل نارمل ہے، سندھ طاس معاہدے کےحوالےسے پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے، نیشنل سکیورٹی واضح کرچکی اگرپانی روکا گیا تورسپانس کریں گے، ڈی جی ایم اوزکی سطح پربات چیت کا راؤنڈ ہوچکا ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کویکطرفہ طورپرمعطل نہیں کرسکتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں پہلگام حملہ بھارتی سکیورٹی کی ناکامی ہے، بھارت نے بغیر تحقیق کے پاکستان پرالزام لگایا، بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم اکٹھی ہوگئی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن نےبھی بڑا مثبت کردارادا کیا، ملک میں یکجہتی کا ایک اچھا ماحول ہے، سیاسی ٹمپریچرکافی نیچےگیا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اگر پانی روکا گیا توپاکستان کے پاس بہت سے آپشنزموجود ہیں، پہلگام حملےکی تحقیقات کے مطالبے پر بھارت بھاگ گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا بیان غیرمتعلقہ ہے، جنگ جیتنے کے بعد ایسا بیان انتہائی نامناسب ہے، ایسا بیان اپنےآپ کواہمیت دلانےکی کوشش ہے، مذاکراتی کمیٹی سےتحریک انصاف کےلوگ بھاگےتھے۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ علیمہ خان کےمضحکہ خیزبیانات ہے، القادرٹرسٹ کیس میں جوبھی فیصلہ ہوگا عدالتوں نے کرنا ہے، اپنے کیسزکا سامنا کرنا پڑے گا، ان کا جنگ سےکوئی تعلق نہیں۔