لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر عوام کے لیے ریلیف فراہم کر دیا۔
ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق مسافروں کو سفری اخراجات میں کمی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف دیا گیا ہے۔
اس ریلیف کے تحت عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے دن سفر کرنے والے تمام مسافروں کو کرایوں میں 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔
یہ رعایت پاکستان ریلوے کی تمام ٹرینوں اور تمام کلاسز کے لیے مؤثر ہوگی، اکانومی کلاس سے لے کر اے سی بزنس کلاس تک تمام مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
تاہم یہ رعایت صرف اُن افراد کے لیے ہوگی جو کرنٹ بکنگ کے ذریعے ٹکٹ حاصل کریں گے، ایڈوانس یا پہلے سے بُک کیے گئے ٹکٹوں پر یہ رعایت لاگو نہیں ہوگی، اس کے علاوہ یہ سہولت عید کے لیے مخصوص سپیشل ٹرینوں پر دستیاب نہیں ہوگی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد عید کے موقع پر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینا اور ان کے سفر کو آسان اور سستا بنانا ہے۔
یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر ریلوے کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا ہے تاکہ عید کے دنوں میں لوگ اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے آسانی سے سفر کر سکیں اور مالی بوجھ کم ہو۔
یہ اقدام ریلوے کی جانب سے عوام دوستی کی ایک اور مثال ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ مسافر اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔