آئندہ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبہ کو سہولیات دینے کا فیصلہ

Published On 05 June,2025 11:21 am

اسلام آباد : (مدثر علی رانا) وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر آئندہ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کو ریلیف ملنے کا امکان ہے اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کیلئے پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کی جائے گی، اوورسیز کیلئے پراپرٹی خریداری پر ٹیکس چھوٹ کیلئے این او سی کی پابندی ختم ہو گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ریئل اسٹیٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز بھی تیار ہے، ایف بی آر یکم جولائی سے پراپرٹی کی خریداری پر ایف ای ڈی ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر سکتا ہے۔

ایف بی آر کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پراپرٹی کی خریداری پر لیٹ فائلرز، نان فائلرز کیلئے ایف ای ڈی میں ردوبدل کی تجویز زیر غور ہے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے سے تعمیراتی شعبے کی ترقی اور اضافی ٹیکس جمع ہو سکے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بجٹ میں پراپرٹی کے لین دین پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس میں ردوبدل کرنے کی تجویز ہے، یکم جولائی سے ریئل اسٹیٹ سے وابستہ بلڈرز اور ڈویلپرز کو رجسٹرڈ کیا جائے۔