بلوچستان اسمبلی کا1028ارب تخمینہ کا بجٹ پیش،6ہزارغیرضروری آسامیاں ختم

Published On 17 June,2025 05:00 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی نے صوبے کا 26-2025 کا بجٹ پیش کر دیا۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سپیکر عبدالخالق اچکزئی نے کی، بجٹ کا مجموعی ججم 1028 ارب روپے تھا جب کہ 36اعشاریہ 5 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کیا گیا،غیر ترقیاتی بجٹ 642 ارب روپے، فارن فنڈڈ پراجیکٹس 38 ارب روپے، سوئی گیس لیز ایکسٹنشن بونس 24 ارب ، کیپیٹل محصولات 38 ارب رکھا گیا، اخراجات کا کل میزانیہ 991 اعشاریہ 5 ارب روپے اور وبائی پی ایس ڈی پی کیلئے 245 ارب روپے رکھا گیا۔

تنخواہیں اور پنشن میں اضافہ 

 شعیب نوشیروانی کا بجٹ تقریر میں کہنا تھا کہ بلوچستان کی حکومت نے ہر معاملے میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنایا ہے، ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد جبکہ پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے،دیہی علاقوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دی گئی، ایک متوازن بجٹ بنایا ہے، حکومتی فیصلوں کےثمرات عوام تک پہنچ رہےہیں ، صوبائی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کےلیےاقدامات کررہی ہے۔

 

محکمہ مواصلات و تعمیرات
وزیر خزانہ بلوچستان نے کہا کہ ترقیاتی شعبہ میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کو پہلی ترجیح دی گئی ہے، محکمہ مواصلات کے لئے ترقیاتی بجٹ کا 19 فصید مختص کیا گیا جس کےلئے 55 ارب 21 کروڑ سے زائد کی رقم رکھی گئی اور غیرترقیاتی امورکےلیے17ارب48کروڑمختص کیے گئے۔
محکمہ ایریگیشن
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ایریگیشن کے لئے 42 ارب 78 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔
تعلیم وصحت
میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ سکول ایجوکیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 19 ارب 85 کروڑ مختص کیے گئے ہیں، ہائر ایجوکیشن کے لئے ترقیاتی بجٹ 4 ارب 99 کروڑ، شعبہ کالجزکےغیر ترقیاتی بجٹ کے لیے24 ارب اور ترقیاتی امور کے لیے 5ارب مختص کیے گئے ہیں، جب کہ صحت کے شعبہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 16 ارب 15 کروڑ مختص کیے گئے۔

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پبلک ہیلتھ

اسی طرح سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ترقیاتی بجٹ 12 ارب 66 کروڑ مختص ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی بجٹ کے لئے 17 ارب 16 کروڑ رکھے گئے ہیں۔

بلدیات، زراعت اور توانائی
وزیر خزانہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات کے ترقیاتی بجٹ 12 ارب 91 کروڑ روپے جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اوردیہی ترقی کےغیرترقیاتی امورکےلیے42ارب روپےمختص کئے گئے ،محکمہ زراعت کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 10 ارب 17 کروڑ،غیرترقیاتی امورکےلیے16ارب77کروڑ  رکھے گئے ، اسی طرح محکمہ توانائی کا ترقیاتی بجٹ 7 ارب 84 کروڑ روپے  کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
معدنیات ، کان کنی اور ترقی نسواں
انہوں نے کہا کہ معدنیات اور کان کنی کے شعبہ کی ترقی کے لئے 56 کروڑ 76 لاکھ مختص کیے گئے ، ترقی نسواں کے محکمہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 15 کروڑ 40 لاکھ رکھے گئے ہیں۔

 غیر ضروری آسامیاں ختم ،8شہروں میں سیف سٹی منصوبے
میر شعیب نوشیروانی کا کہنا تھا کہ غیرضروری6ہز ارآسامیاں ختم کی گئیں، 8شہروں میں سیف سٹی منصوبےکےلیے18ارب روپےمختص کئے گئے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلیوں کیلئے مختص فنڈز
وزیر خزانہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 500ملین روپے مختص رکھے گئے ہیں۔
بچت سکیم
 ان کا کہنا تھا کہ بچت سکیم کے تحت صوبائی حکومت کوئی گاڑی نہیں خریدے گی، صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے گاڑیاں خریدی جائیں گی، مختلف شعبوں میں 4188 عارضی اور1958 ریگولر آسامیاں پیدا کی جارہی ہیں۔

امن وامان
میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ امن وامان برقرار رکھنے کے لیے ترقیاتی مد میں 3 ارب روپے مختص جب کہ غیر ترقیاتی امور کے لیے 83 ارب70کروڑ روپے رکھے گئے۔

محکمہ خوراک
صوبائی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال میں خوراک کے شعبے کےلیے ترقیاتی مد میں 26.9 ملین روپے اور ترقیاتی مد میں ایک ارب 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔