ایف بی آر کا ناقص کارکردگی پر سینکڑوں افسران کے تقرر و تبادلوں کا فیصلہ

Published On 31 July,2025 10:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ناقص کارکردگی پر بڑی سطح پر اکھاڑ پچھاڑ کی تیاری مکمل کر لی۔

ذرائع کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 اور 18 کے 200 سے زائد افسران کے تقرر و تبادلے رواں ہفتے متوقع ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں گریڈ 19 اور 20 کے افسران کو بھی شامل کرتے ہوئے تبادلوں کا عمل مکمل کیا جائے گا، مجاز اتھارٹی نے گریڈ 17 اور 18 کے 40 فیصد سے زائد افسران کی ری شفلنگ کی منظوری دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز کی غیر تسلی بخش کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، افسران کے تبادلوں کا مقصد ریونیو اہداف کی بروقت تکمیل اور کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایف بی آر کے بورڈ ممبران میں بھی جلد تبدیلیاں متوقع ہیں اور اس حوالے سے حکمت عملی پر کام جاری ہے۔

اندرونی میٹنگز میں حکام نے ریونیو اہداف حاصل کرنے کے لیے نئی انفورسمنٹ سٹریٹیجیز اور پالیسی اقدامات کو حتمی شکل دے دی ہے، وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایف بی آر ہر ممکن اقدام اٹھا کر ماہانہ ٹارگٹ پورا کرے گا۔