سگریٹ سازی میں 300 ارب روپے کی ٹیکس چوری روکنے کیلئے مانیٹرنگ

Published On 24 July,2025 10:53 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر نے سگریٹ سازی میں 300 ارب روپے کی ٹیکس چوری روکنے کے لیے مانیٹرنگ شروع کر دی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمباکو کے پتوں کے تھریشرز یونٹس جی ایل ٹی پر ٹیکس افسران کی مانیٹرنگ ٹیمیں مقرر کر دی گئیں، تمباکو سیکٹر میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے جی ایل ٹی میں ٹیکس افسران ٹریکنگ کریں گے۔

ایف بی آر کی جانب سے جی ایل ٹیز کی مانیٹرنگ اور تمباکو ٹریکنگ سے تمباکو کی تیاری کے یونٹس سے غیر قانونی سگریٹ سازی کے لیے تمباکو فراہم نہیں کیا جاسکے گا، تمباکو تیار کرنے والی جی ایل ٹیز تمباکو کا ٹرک نکالنے سے پہلے آگاہ کرنے کی پابند ہوں گی۔

ایف بی آر کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمباکو سے بھرے ٹرکوں پر اب ٹریکنگ سسٹم لگایا جائے گا، تمباکو سے بھرا ہوا ٹرک اب صرف قانونی سگریٹ سازی میں استعمال ہوسکے گا، غیر قانونی سگریٹ سازی فیکٹریوں تک تمباکو کی ترسیل مکمل طور پر روکی جائے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق تمباکو سے بھرا ٹرک اگر غیر قانونی سگریٹ ساز فیکٹری میں گیا تو ٹریکنگ سے پکڑا جائے گا، ٹریکنگ کے ذریعے غیرقانونی سگریٹ ساز فیکٹری پر فوری چھاپہ مارا جائے گا۔