اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانس ایکٹ 2025کے نفاذ کے ساتھ ہی درآمدی کاروں، دودھ، دہی، پنیر، پھلوں سمیت ایک سو سے زائد اشیا پر ڈیوٹی ٹیکس میں کمی کردی گئی اور اس حوالے سے ایف بی آر نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم جولائی سے کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق درآمد شدہ ایس یو ویز پر 44 فیصد کمی سے ڈیوٹی 50 فیصد ہوگئی، مرغی، مچھلیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی 5 فیصدکردی گئی، پرندوں کےانڈوں پر ڈیوٹی 15فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کردی گئی، اسی طرح نئی کاروں اور منی وینز پر ڈیوٹی ایک تہائی سے 10فیصد تک کم کردی گئی ہے۔
پنیر اور دہی کی درآمد پر ڈیوٹی کم کردی گئی ہے، موبائل فون سم کارڈز پر ریگولیٹری ڈیوٹی 15سے کم کرکے 12 فیصد کردی گئی ہے، کتے اور بلی کے کھانے پر 5 فیصد کمی سے ڈیوٹی کی شرح 40 فیصد کردی گئی ہے جبکہ ریٹیل پیک میں انسٹنٹ کافی پر ڈیوٹی میں 5 فیصد کمی کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تمباکو پر ڈیوٹی 40 فیصد تک کم کردی گئی، کھجور، ناریل، برازیلی گری دار میوے، کاجو پر ڈیوٹی 16 فیصد تک کم کی گئی، انجیر، انناس، ایوکاڈو، امرود اور آم پر ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے جب کہ پپیتا اورسیب پر ڈیوٹی 45 فیصد سے کم کرکے 36 فیصد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گری دار میوے پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 4 فیصد کمی کی گئی ہے، فروزن مچھلی پرڈیوٹی نصف کرکے 17.5 فیصد کر دی گئی ہے۔