لاہور: (دنیا نیوز) بیرون ملک سے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی منگوانے کا معاملہ، چینی درآمد کرنے کے لئے 4 کمپنیوں نے بولی جمع کروائی۔
ذرائع کے مطابق چینی درآمد کرنے کیلئے لندن، سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں نے بولیاں جمع کروائیں۔
لندن کی کمپنی نے 539 ڈالر فی ٹن، دوسری کمپنی نے 567 ڈالر اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی نے 599 ڈالر کا ریٹ کوٹ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بولی دینے والی کمپنیوں کے حساب سے پاکستان میں چینی کی کم از کم فی کلو قیمت 227 روپے تک ہو گی۔
جمع کرائی گئی بولیوں پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان ایک سے دو روز میں فیصلہ کرے گی۔
بولی منظور ہونے کی صورت میں چینی 50 سے 60 دنوں کے اندر پاکستان پہنچ سکے گی، حکومت کے پاس بولیاں منسوخ کرنے کا بھی اختیار ہے۔
ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق مارکیٹ میں چینی کی سپلائی آٹے میں نمک کے برابر ہو رہی ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں یومیہ 1500 ٹن چینی کی ضرورت ہوتی ہے۔
ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ دو سے تین روز میں صرف 50 ٹن تک یومیہ چینی مارکیٹ میں آ رہی ہے۔