چینی مافیا بے لگام، فی کلو قیمت میں پھر 10 روپے سے زائد کا اضافہ

Published On 28 November,2025 04:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی مافیا بے لگام، قیمتوں میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات بے سود ثابت ہونے لگے، چینی کی فی کلو قیمت میں پھر سے 10 روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 220 روپے تک پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 210 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے شہری سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں، شہر قائد میں فی کلو چینی 220 روپے میں دستیاب ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 216 روپے، حیدرآباد میں 215، بنوں میں شہری فی کلو چینی 212 روپے تک خریدنے پر مجبور ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق لاڑکانہ میں فی کلو چینی 205، سکھر میں 200 روپے میں دستیاب، اسلام آباد، راولپنڈی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 190 روپے ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں فی کلو چینی 180 روپے، فیصل آباد سرگودھا میں 180، لاہور میں 179 روپے دستیاب ہے۔

ملک میں چینی اوسطاً فی کلو قیمت 189 روپے 61 پیسے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ ہفتے چینی کی فی کلو اوسطاً قیمت 188 روپے 81 پیسے تھی۔