لاہور: (دنیا نیوز) ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل نے بزنس کمیونٹی کی بات کو سمجھا اور ایکشن لیا۔
صوبائی دارالحکومت میں ایف پی سی سی آئی کےعہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنےملک کی معیشت کو کھڑا کرنا ہے، ہم سب نےبہت اچھے طریقےسےبزنس کمیونٹی کا کیس لڑا، فیلڈ مارشل سے دو سے ڈھائی گھنٹے ملاقات ہوئی، فیلڈ مارشل کو ہم نے بزنس کمیونٹی کےمسائل بارے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر میاں ابوذرشاد، گوہر اعجاز کا فون آیا اور فیلڈ مارشل سے میٹنگ پر جانے کو کہا، بزنس لیڈرشپ نے تاجر برادری کے لیے بھرپور جنگ کی، 26 جون سے لے کر اب تک مکمل طور پرتاجر برادری کے مطالبات کے لیے حالت جنگ میں رہے۔
پیٹرن انچیف ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ کسی بھی تاجر کی گرفتاری کے لیے متعلقہ چیمبر صدر سے دستخط کروانا لازم ہونا ایک بڑی کامیابی ہے، فیلڈ مارشل نے بزنس کمیونٹی کوعزت دی، جنگ جیتنے پر فیلڈ مارشل کوسلیوٹ اورخراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنگ جیتنے کے بعد پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن ہوا، اللہ تعالیٰ فیلڈ مارشل کولمبی زندگی دے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ بھارت پراس وقت50 فیصد ٹیرف لگ چکا ہے، اس سےبڑا موقع پاکستان کو نہیں ملے گا، حکومت سےاپیل کرتے ہیں بجلی کی قیمت اورشرح سود کم کی جائے، ہم ایشین ٹائیگر بن سکتے ہیں، پوری بزنس کمیونٹی فیلڈ مارشل کی شکرگزار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں بزنس کمیونٹی کا مسئلہ آئے گا، ہم سب ساتھ کھڑے ہوں گے، بزنس کمیونٹی کا آپس میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، فیلڈ مارشل نے کہا دوسال سے تاجر برادری کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، فیلڈ مارشل نے ہماری بات کوسمجھا اوراس پرایکشن لیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔